ساہیوال: فحش ڈانس پر معروف اداکارہ خوبصورت کیف پر پابندی لگا دی گئی

اسسٹنٹ ڈائریکٹرز محمد وسیم اکرم اور محمد الیاس اکبر نے میرین تھیٹر ساہیوال میں ڈرامہ کی خفیہ چیکنگ کی.

ساہیوال آرٹس کونسل کی مانیٹرنگ ٹیم نے ایکشن لیتے ہوئے معروف اداکارہ خوبصورت کیف پر پابندی کے لیے خط لکھ دیا.

تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر آرٹس کونسل ڈاکٹر ریاض ہمدانی کی ہدایت پر اسسٹنٹ ڈائریکٹرز محمد وسیم اکرم اور محمد الیاس اکبر نے میرین تھیٹر ساہیوال میں ڈرامہ کی خفیہ چیکنگ کی. اسسٹنٹ ڈائریکٹرز نے بطور ثبوت ویڈیوز کے ساتھ رپورٹ پیش کی کہ خوبصورت کیف نے دوران ڈرامہ فحش ڈانس اور بے ہودہ اشارے کئے جو کہ سماج کی اخلاقی اقدار اور حکومتی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔

رپورٹ پر ایکشن لیتے ہوئے ڈاکٹر ریاض ہمدانی نے ڈپٹی کمشنر ساہیوال کو مذکورہ اداکارہ پر پنجاب بھر میں تین ماہ کی پابندی لگانے کا مراسلہ بجھوا دیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے ایک ہفتہ قبل بھی فرینڈز تھیٹر ساہیوال میں فحش ڈانس کی وجہ سے آرٹس کونسل نے اداکارہ نوری شہزادی پر پابندی لگائی تھی۔

ڈائریکٹر آرٹس کونسل ڈاکٹر ریاض ہمدانی کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب نے فحاشی، عریانی، قابل اعتراض جگت بازی، ذومعنی مکالموں کی روک تھام کیلئے سٹیج ڈراموں کی کڑی نگرانی کی ہدایت کی ہے جس پر سخت مانیٹرنگ کا عمل جاری رہے گا۔

تھیٹرز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ سٹیج کئے جانے والے ڈراموں میں فحش ڈانس، عریاں لباس، بے ہودہ و ذو معنی مکالموں کی ادائیگی اور بداخلاقی سے گریز کیا جائے اور قواعد وضوابط کی پابندی کو یقینی بنایا جائے۔

مزید متعلقہ خبریں
آپ کی رائے

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔